پاکستان نیول اکیڈمی چوتھے پی این انٹرنیشنل ناٹیکل مقابلوں 2023 کی فاتح قرار
کراچی (قوی اخبار)پاکستان نیول اکیڈمی چوتھے پی این انٹرنیشنل ناٹیکل مقابلوں (آئی این سی)میں فاتح قرار پائی۔ آئی این سی 2023 کی اختتامی تقریب پی این ایس رہبر، منوڑہ میں منعقد ہوئی ۔ کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل محمد سلیم اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
کمانڈر کراچی نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اورتقریب کے شاندار انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور شرکاء کو کھیلوں میں مہارت حاصل کرنے کی تاکید کی۔ کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور محمد خالد نے اپنے خطاب میں چیمپئن شپ کا جائزہ پیش کیا۔ اس تقریب میں کشتی رانی، تیراکی، سمندر میں جان بچانےاور سی مین شپ کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان نیول اکیڈمی کی ٹیم 02 گولڈ میڈلز حاصل کر کے مقابلوں میں فاتح قرار پائی اور اس کے ساتھ ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کی امام خمینی نیول یونیورسٹی کی ٹیم کو رنرز اپ قرار دیا گیا ۔مقابلے میں آذربائیجان، چین، انڈونیشیا، اٹلی، سعودی عرب، اسلامی جمہوریہ ایران، عمان، ترکیہ اور پاکستان نیول اکیڈمی کی میزبان ٹیم نے شرکت کی۔ان مقابلوں کا مقصد پاکستان میں آبی کھیلوں کو فروغ دینا اور دوست ممالک کی بحریہ کے مابین کھیلوں کے مقابلوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔تقریب میں اعلٰی سول وعسکری حکام اور سفارت کاروں اور نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
76