اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا خیبر میں دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں میجر عبداللہ شاہ کے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار۔
اسلام آباد(قوی اخبار)
اسپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے ضلع خیبر کے علاقے شکاس میں دہشتگردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں میجر میاں عبداللہ شاہ کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے پر عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی حفاظت پر مامور فوجی جوانوں کے جذبے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کہ ملک اور قوم کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے والے قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔انہوں نے شہید کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ شہید فوجی جوانوں کی شہادت پر پورے قوم ان کے اہلخانہ کے غم اور دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا کی۔