اسلام آباد (قوی اخبار)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے نگران وفاقی وزیر برائے قومی صحت ڈاکٹر ندیم جان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی
۔ ملاقات میں صحت کے شعبے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نگران وزیر صحت نے عوام الناس کو دی جانے والی صحت کی سہولیات بارے چیئرمین سینیٹ کو تفصیلی آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان میں پولیو کو کنڑول کے لئے موثر حکمت عملی اختیار کی گئی ہے۔ پولیو کے قطرے پلانے کے دوران پولیو ورکر ز کے تحفظ کے لئے بھی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ نگران وزیر صحت نے کہا کہ پولیو پروگرام کو ٹاسک دے دیا گیا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ملک کے تمام علاقوں میں عوام کو بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔صحت کی سہولیات فراہم کرنا ریاست کا کام ہے۔ملک کے پسماندہ اور خاص طور پر صوبہ بلوچستان کے علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔پولیو کے خاتمے کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نگران وفاقی وزیر صحت کی قائدانہ صلاحیتوں سے صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری آئے گی۔
محمد صادق سنجرانی نے مزید کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ عوام کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے تمام تر ضروری اقدامات یقینی بنائیں گے۔ملک میں ڈینگی پھیلاؤ کے تدارک کیلئے بھی موثر حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی علاقوں میں ڈینگی کے پھیلاؤ اور علاج کے لئے ہرممکن اقدام اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں ادوایات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔اْمید ہے نگران حکومت عوام کو صحت کے شعبے میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ چیئرمین سینیٹ کا مزیدکہناتھا کہ پاکستان کو پولیو فری بنانے کا پختہ عزم کر رکھا ہے اور اس حوالے سے ایوان بالاء نے پولیو کے پھیلاؤ کے کنڑول کے لئے موثر قانون سازی بھی عمل میں لائی ہے۔
نگران وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ بنیادی ترجیحات میں نمایاں طور پر شامل ہے۔بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔
***********
44