53

پاک بحریہ نے58ویں یوم بحریہ روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا،ایڈمرل محمد امجد خان نیازی

پاک بحریہ نے58ویں یوم بحریہ روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا،ایڈمرل محمد امجد خان نیازی
کراچی (قوی اخبار) 08 ستمبر 23: پاک بحریہ نے اپنے غازیوں اور شہدا ء کے کارناموں اور کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے 58 واں یوم بحریہ منایا۔ جنہوں نے اللہ سبحانہ وتعالیٰ پر گہرے یقین کے ساتھ ایک بڑے دشمن کا بہادری سے مقابلہ کیا- یوم بحریہ آپریشن ‘سومناتھ’ کی ایک شاندار یاد ہے، جب پاک بحریہ کے جنگی جہازوں نے ہندوستان کی اہم ساحلی تنصیبات کو تباہ کیا اور اس کے غرور کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ پاک بحریہ کی واحد آبدوز غازی جنگ کے دوران سمندر میں اپنی برتر ی برقرار رکھتے ہوئے دشمن کے لیے ناقابل شکست رہی جس کی وجہ سے ہندوستانی بحریہ نے کھلے سمندر میں پاک بحریہ کے بیڑے کو چیلنج کرنے کی ہمت نہیں کی۔اس موقع پر اپنے پیغام میں سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ 8 ستمبر پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں کی بہادری کی علامت ہے، جنہوں نے دوارکہ میں کامیاب بمباری کے دوران ناقابل تسخیر جرأت اور ہمت کا مظاہرہ کیا۔ اس دن ہم 1965 کی جنگ کے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہیں اور ان کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ امیر البحر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاک بحریہ اپنے بحری دفاع کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی پانیوں میں متحرک ہے اور میری ٹائم سکیورٹی کے فروغ کے لیے علاقائی شراکت داروں کے ساتھ سرگرم عمل ہے۔ اس مقصد کے تحت، پاک بحریہ موجودہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید جنگی صلاحیتوں کے حصول کے لیے کوشاں ہے، جبکہ مقامی صلاحیتوں کو بھی فروغ دے رہی ہے۔امیر البحر نے اس بات پر زور دیا کہ، پاک بحریہ ملک میں بلیو اکانومی کے فروغ اور ساحلی علاقوں کی ترقی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

اس موقع پر دن کا آغاز مساجد میں ملک میں امن و سلامتی اور کشمیر کی جدوجہد کی کامیابی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔ 1965 کی جنگ کے شہداء کے لیے قرآن خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا۔ پاک بحریہ کے یونٹس اور تنصیبات میں پرچم کشائی کی تقریبات بھی منعقد کی گئیں۔ کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل محمد سلیم نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ لاہور میں بھی یوم بحریہ کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں کمانڈر سنٹرل پنجاب نے پاک بحریہ کے شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور جنگ میں ان کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔ بحریہ کالجز کے طلباء نے غازیوں اور شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ یوم بحریہ کے موقع پر دیگر تقریبات میں کراچی بندرگاہ پر بوٹ ریلی اور بحریہ ماڈل اسکولز کے طلبہ کی ریلیاں شامل تھے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں