سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کا میرا بیری(چونترہ)میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن
اسلام آباد: (قوی اخبار) سی ڈی اے ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی معاونت سے شہر میں قبضہ مافیا کیخلاف بلا تفریق کارروائیاں عمل میں لا رہا ہے۔ اس سلسلے میں سی ڈی اے نے ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس نے میرا بیری(چونترہ) میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران قبضہ مافیا کی طرف سے سی ڈی اے اور اسلام پولیس پر فائرنگ اور پتھراﺅ کیا۔فائرنگ اور پتھراﺅسے سی ڈی اے اور اسلام آباد پولیس کےافسران و جوان زخمی ہوئے۔
سوموار کے روز سی ڈی اے انفورسمنٹ ، لینڈ و بحالیات ، پولیس نے اسلام آباد انتظامیہ کی معاونت سے آپریشن کا سلسلہ شروع کیا۔ آپریشن کے دوران 5 حویلیاں گرائی جانے کے بعد شر پسند عناصر نے فائرنگ کا سلسلہ شروع کر دیا جس سے وہاں مظاہرین میں شامل ایک شخص زخمی ہو گیا۔ 2004 کے بعد سے بسنے والے گھروں کو گرانے کے لیے وہاں کے حقیقی متاثرین کے ساتھ مذاکرات بھی کیے تھے۔ مذاکرات کے بعد آج آپریشن شروع ہوا تو حقیقی متاثرین کی آڑ میں غیر مقامی افراد نے قانون کو ہاتھ میں لیتے ہوئے فائرنگ کی۔
واضح رہے کہ میرا بیری ( چونترہ) کا لینڈ ایوارڈ 1969 میں ہوا ۔ ایکوائر کردہ اراضی کے کے متبادل متاثرین کو بحالیاتی فوائد اور معاوضہ جات کی ادائیگی کی جاچکی ہے۔ ۔ 1985 کے سپارکو کے موجودہ نقشے کے مطابق کل 30 گھر موجود تھے۔ 2004 میں جب یہ زمین سی ڈی اے نے مزید استعمال کے لیے متعلقہ ادارے کو دی تو اس وقت 342 گھر تھے۔ اس وقت بمشکل 15 سے 20 خاندان ہیں جو وہاں کے مقامی اور حقیقی متاثرین ہیں۔ باقی 80 فیصد لوگ غیر مقامی ہیں یا باہر سے آ کر آباد ہو ئے ہیں جنہوں نے یا تو اسٹام پیپر کے ذریعے سی ڈی اے کی ایکوائر کردہ زمین خریدی ہے یا مقامی لوگوں کے گھر وں میں کرایہ پر رہ رہے ہیں۔
##