صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم مراد کا
6thروڈ میٹرو اسٹیشن کا دورہ
راولپنڈ ی (قوی اخبار )نگران صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و لائیو سٹاک پنجاب ابراہیم مراد نے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے ہمراہ سکستھ روڈ میٹرو بس سٹیشن راولپنڈی کا تفصیلی دورہ کیا اور 9 مئی کے واقعات کے بعد پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے، نگران صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و لائیو سٹاک پنجاب ابراہیم مراد نے کہا کہ بدقسمتی سے عوامی فلاح جیسے منصوبوں کو نقصان پہنچایا گیا جو کہ بالکل بلا جواز یے اور اسکی مرمت پر 15 کروڑ روپے لاگت آئے گی جبکہ اگلے ماہ کے دوران اس سٹیشن کو جزوی طور پر بحال کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ ایک لاکھ سے زائد افراد راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس سے مستفید ہوتے ہیں اور اس اسٹیشن کی بندش کو وجہ سے روزانہ ہزاروں شہریوں کو مسائل سامنا کرنا پڑتا ہے۔صوبائی وزیر ابراہیم مراد نے کہا کہ سکستھ روڈ میٹرو بس سٹیشن کی حالت زار دیکھ کر انتہائی دکھ اور تکلیف ہوئی ہے کیونکہ در حقیقت میٹرو سٹیشن کا نقصان عوام کا نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے تین ماہ تک سٹیشن کو مرمت کے بعد مکمل طور پر بحال کر دیا جائے گا اور عوامی سہولت کیلئے یہ مکمل طور پر بحال ہو جائے گا۔بعد ازاں صوبائی وزیر ابراہیم مراد نے جنرل بس اسٹینڈ پیر ودھائی کا دورہ کیا اور سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر موجود شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔ صوبائی وزیر ابراہیم مراد نے کہا کہ جنرل بس اسٹینڈ پر سہولیات قابل تعریف ہیں اور دیگر شہروں میں بھی ایسے سٹیشن بنانے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنرل بس سٹینڈ پیر ودھائی کا کل رقبہ 210 کنال اور 12 مرلے ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنرل بس سٹینڈ میں رواں برس تزین و آرائش کی گئی ہے اور مرد و خواتین کے لے علیحدہ انتظار گاہ بنائی گئی ہے جہاں ائیر کنڈیشند لگائے گئے۔ صوبائی وزیر کا بتایا گیا کہ مسافروں کی سیکورٹی کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں اورسیکورٹی گارڈز بھی تعینات کئے گئے ہیں جبکہ جنرل بس سٹینڈ پیر ودھائی کے کیاردگرد سے تجاوزات کا خاتمہ کر کردیا گیا ہے۔