48

صوبائی رحمت اللعالمین ؐ کانفرنس،وزیراعلیٰ محسن نقوی مہمان خصوصی، تمام مسالک کے علماء کرام، مسیحی،سکھ،ہندواوردیگر مذاہب کے رہنماؤں کی شرکت

اسلام آباد (قوی اخبار)صوبائی رحمت اللعالمین ؐ کانفرنس،وزیراعلیٰ محسن نقوی مہمان خصوصی، تمام مسالک کے علماء کرام، مسیحی،سکھ،ہندواوردیگر مذاہب کے رہنماؤں کی شرکت
سب نبی پاکؐ سے محبت کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن آپؐ کے احکامات پر عمل نہیں کرتے،نبی پاکؐ کے احکامات پر عمل کرلیں تو زندگی بدل جائیگی:محسن نقوی
پوری ٹیم کی کوشش ہے کہ جتنا وقت میسر ہے عوام کی بھرپور خدمت کریں، ملک کی تباہی کا سوچنے والے خود تعلیمات نبویؐ سے دور ہیں،نبی پاکؐ کے ماننے والے ہیں تو خدا را مایوسی چھوڑ دیں
ہم نبی کریم ؐ کے ماننے والے ہیں،مایوس نہیں ہونگے، پاکستان ٹیک آف کریگا،پاکستان نے ترقی کرنی ہے اور پاکستان ترقی کرے گا
سب ملکر ترقی میں اپنا اپنا حصہ ڈالیں گے تو ملک بہت آگے نکل جائیگا، ریاست طیبہ اور پاکستان دونوں کی بنیاد 27رمضان المبارک کو رکھی گئی
جڑانوالہ کے 23میں سے 22 چرچ بحال کر کے مسیحی برادری کے حوالے کر دئیے، ایک چرچ کی تعمیر و تزئین وآرائش جاری ہے:صوبائی رحمت اللعالمین کانفرنس سے خطاب
لاہور28 ستمبر:……محکمہ اوقاف پنجاب کے زیر اہتمام آج الحمراء ہال میں صوبائی رحمت اللعالمین ؐ کانفرنس کاانعقاد کیا گیا،نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی مہمان خصوصی تھے۔صوبائی رحمت اللعالمین ؐ کانفرنس میں تمام مسالک کے علماء کرام و مشائخ عظام، مسیحی،سکھ،ہندواوردیگر مذاہب کے رہنماؤں نے شرکت کی۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبائی رحمت اللعالمین ؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم سب نبی پاکؐ سے محبت کا دعویٰ تو کرتے ہیں لیکن نبی پاکؐ کے احکامات پر عمل نہیں کرتے۔نبی پاکؐ کے احکامات پر عمل کرلیں تو زندگی بدل جائے گی۔ پوری ٹیم کی کوشش ہے کہ جتنا وقت میسر ہے عوام کی بھرپور خدمت کریں۔ ہم نبی کریم ؐ کے ماننے والے ہیں،مایوس نہیں ہوں گے، پاکستان ٹیک آف کرے گا۔ ہمارے پیارے نبی پاک ؐ پر بہت مظالم ہوئے، سازشیں ہوئیں لیکن آپ ؐ کبھی مایوس نہیں ہوئے۔انہوں نے کہاکہ ملک کی تباہی کا سوچنے والے خود تعلیمات نبویؐ سے دور ہیں۔ اگر ہم نبی پاکؐ کے ماننے والے ہیں تو خدا را مایوسی چھوڑ دیں،پاکستان نے ترقی کرنی ہے اور پاکستان ترقی کرے گا۔ پاکستان آگے بڑھنے کے لئے بنا ہے اور پاک وطن آگے بڑھے گا۔ سب ملکر ترقی میں اپنا اپنا حصہ ڈالیں گے تو ملک بہت آگے نکل جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ریاست طیبہ اور پاکستان دونوں کی بنیاد 27رمضان المبارک کو رکھی گئی۔ پاکستان کی تباہی کے بارے باتیں کرنے والے مایوسی چھوڑ دیں۔ ہم سب متحد ہیں،ایک نبی کریم ؐ کے ماننے والے ہیں جو کبھی مایوس نہیں ہوئے۔انہوں نے کہاکہ جڑانوالہ کے 23میں سے 22 چرچ بحال کر کے مسیحی برادری کے حوالے کر دئیے ہیں جبکہ ایک چرچ کی تعمیر و تزئین وآرائش جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ جس عظیم شخصیت کا ہم دن منا رہے ہیں آپ ؐ نے اقلیتوں کے تحفظ کے لئے بڑے واضح احکامات دئیے ہیں۔ حکومت وقت کا فرض ہے کہ نبی پاک ؐ نے جو تعلیمات دی ہیں ان پر عمل کریں۔ اقلیتو ں کے جان ومال اور حقوق کا تحفظ حکومت کا فرض ہے۔ افسوس ہے کہ کئی جگہوں پر اقلیتوں کے حقوق سلب ہوتے ہیں،جس سے دنیا میں منفی تاثر جاتا ہے۔ جڑانوالہ کے مسلمان بھائیوں نے مسیحی بھائیو ں کے لئے مسجدوں کے دروازے کھول دئیے تھے۔ جڑانوالہ کی امن کمیٹی نے مسیحی بھائیو ں کو صبح کے وقت مسجد میں اپنی عبادت کرنے کی اجازت دی جو بھائی چار ے کی بہترین مثال ہے۔ منفی باتیں تو بہت زیادہ ہوتی ہیں لیکن مثبت بات بتانا بھی ضروری ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ رواں سال حکومت پنجاب کو گندم درآمد نہیں کرنا پڑی کیونکہ بروقت فیصلوں اور محنت کی بدولت پنجاب میں گندم کی بمپر کراپ ہوئی۔ گزشتہ برس انڈسٹری کی ضرورت پوری کرنے کے لئے 3 ارب ڈالر کی کپاس درآمد کرنا پڑی تھی۔الحمد اللہ ہم نے رواں برس پنجاب میں 3 ارب ڈالر کی اضافی کپاس کاشت کی ہے،جس کا مثبت رزلٹ جلد سامنے آئے گا۔گزشتہ سال پنجاب نے اپنی تمام ضروریات پوری کرکے ایک ارب ڈالر کا چاول ایکسپورٹ کیا تھا۔ الحمد اللہ رواں سال پنجاب 2 ارب ڈالرکا چاول ایکسپورٹ کرے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سیرت النبی ؐ پر کتب اورنعت رسول مقبولؐ لکھنے والی شخصیات میں شیلڈز اور انعامات تقسیم کئے۔کانفرنس کے اختتام پر مفتی رمضان سیالوی نے پاکستان کی ترقی،سا لمیت، استحکام او رامن کے لئے خصوصی دعا کرائی۔صوبائی وزیر اوقاف اظفر علی ناصر،مولانا حسین اکبر، مولانا عبدالخبیر آزاد، علامہ راغب نعیمی او رسیکرٹری اوقاف نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا۔کانفرنس میں صوبائی وزراء اظفر علی ناصر، منصور قادر، عامر میر، چیئرمین پنجاب قرآن بورڈ مولانا فضل الرحیم،مولانا حسین اکبر،رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد، علامہ راغب نعیمی،سیکرٹری اوقاف، سیکرٹری اطلاعات، سی سی پی او، علماء کرام و مشائخ عظام کی بڑی تعداد نے شرکت کی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں