112

آشوب چشم کے مریضوں کو خصوصی کاونٹرز تک محدود رکھا جائے، ڈاکٹر جمال ناصر

آشوب چشم کے مریضوں کو خصوصی کاونٹرز تک محدود رکھا جائے، ڈاکٹر جمال ناصر
وزیر اعلیٰ کی نگرانی میں اقدامات سے آشوب چشم کے مریضوں میں کمی آ رہی ہے، ہسپتالوں میں وسائل کو منصوبہ بندی کے ساتھ اور شفافیت سے استعمال کریں، صوبائی وزیر کا بی بی ایچ میں آشوب چشم کاؤنٹر اور ڈینگی وارڈ کا دورہراولپنڈی( قوی اخبار ) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر و بہبود آبادی ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ آشوب چشم کیلئے تمام ہسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز میں خصوصی کاونٹرز قائم کئے گے ہیں اور آنکھ کی اس انفیکشن میں مبتلا مریضوں کو دوسرے مریضوں سے الگ رکھا جائے اور اگر ناگزیر نہ ہو تو فوری میڈیکل امداد کے بعد انکو ڈسچارج کر دیا جائے۔یہ بات انہوں نے بے نظیر بھٹو ہسپتال کے دورہ کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹینڈنٹ بی بی ایچ ڈاکٹر سید طاہر محمود بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ آشوب چشم کے مریضوں کو بلا ضرورت او پی ڈی میں نہ بھیجا جائے تاکہ دیگر مریضوں کو محفوظ رکھا جائے، آشوب چشم کاؤنٹرز پر ہی مکمل ادویات فراہم کی جائیں اور احتیاطی تدابیر بتائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرعلی پنجاب کے سرکاری سکولوں میں چھٹیوں کے فیصلے کی وجہ سے آشوب چشم کے متاثر ہونے والے مریضوں میں نمایاں کمی ائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ ائندہ دنوں میں اگر احتیاطی تدابیر اپنائی جاتی رہیں تو یہ انکھ کی انفیکشن جلد ہی ختم ہو جائے گی۔ڈاکٹر جمال ناصر نے بی بی ایچ میں ڈینگی وارڈ کا بھی معائنہ کیا اور اس میں داخل مریضوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈینگی وارڈ میں بیڈز اور دیگر وسائل ضروریات کے مطابق استعمال لائے جائیں اگر کسی ہسپتال میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد کم ہے تو بلاوجہ خالی بیڈز ڈینگی وارڈ میں نہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ تاہم بیڈز سمیت تمام طبی وسائل کی اس انداز میں منصوبہ بندی کی جائے کہ ضرورت پڑنے پر مشکلات نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی صحت کے شعبہ میں دستیاب وسائل کو بہترین منصبہ بندی سے استعمال کرنے کی پالیسی پر کاربند ہے جس کی وجہ سے طبی سہولیات میں نمایاں طور پر بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کسی بھی چیز کی کمی نہیں، تمام وسائل بھرپور انداز میں موجود ہیں جبکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام وسائل کو دیانت داری اور شفافیت کے ساتھ استعمال کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں