45

وائس ایڈمرل نوید اشرف پاک بحریہ کے نئے سربراہ مقرر

وائس ایڈمرل نوید اشرف پاک بحریہ کے نئے سربراہ مقرر
اسلام آباد(قوی اخبار)صدر پاکستان نے وائس ایڈمرل نوید اشرف ہلالِ امتیاز (ملٹری)،تمغہ بسالت کی پاک بحریہ کے نئے سربراہ کے طور پر تعیناتی اور ایڈمرل کے عہدے پر ترقی کی منظوری دے دی۔ وائس ایڈمرل نوید اشرف 7 اکتوبر کو پاک بحریہ کی کمان سنبھالنے پر ایڈمرل کے عہدے پر فائز ہو جائیں گے۔ اسلام آباد میں منعقد ہونے والی تبدیلی کمان کی تقریب میں ایڈمرل محمد امجد خان نیازی پاک بحریہ کی کمان وائس ایڈمرل نوید اشرف کے حوالے کریں گے۔وائس ایڈمرل نوید اشرف نے 1989 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ انہیں جرمنی اور پاکستان میں ابتدائی بحری تربیت کی کامیاب تکمیل پر قائداعظم گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔
اپنے شاندار نیول کیریئر کے دوران، فلیگ آفیسر نے متعدد کمانڈ اینڈ اسٹاف تقرریوں پر خدمات انجام دیں۔ ان کی 10 سالہ کمانڈ تقرریوں میں گن بوٹ کی کمانڈ، ایک مائن ہنٹر، تین ڈسٹرائرز اور 25ویں اور 18ویں ڈسٹرائر اسکواڈرنز کی کمانڈشامل ہیں۔ اس کے علاوہ وائس ایڈمرل نوید اشرف کو پاکستان نیول اکیڈمی اور پاکستان نیوی فلیٹ کی کمانڈ کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ ان کی اہم اسٹاف تقرریوں میں فلیٹ ہیڈ کوارٹر میں فلیٹ آپریشنز آفیسر، ہیڈکوارٹر فلیگ آفیسر سی ٹریننگ میں کیپٹن ٹریننگ، ہیڈکوارٹر NAVCENT بحرین میں ٹاسک فورس 151 کے چیف اسٹاف آفیسر، وائس پریزیڈنٹ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، نیول سیکرٹری، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف(ایڈمن)، ڈائریکٹر جنرل C4I، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ٹریننگ اینڈ پرسنیل) اور ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز)شامل ہیں۔ اس وقت وائس ایڈمرل نوید اشرف نیول ہیڈ کوارٹرز میں چیف آف اسٹاف کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
وائس ایڈمرل نوید اشرف پاکستان نیوی وار کالج لاہور، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد، نیول اسٹاف کالج امریکہ اور رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز برطانیہ سے فارغ التحصیل ہیں۔ فلیگ آفیسر کو ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں ہلال امتیاز (ملٹری) اور تمغہ بسالت سے نوازا جا چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں