122

ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کی کمانڈ سنبھال لی

ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کی کمانڈ سنبھال لی

اسلام آباد( قوی اخبار)ایڈمرل نوید اشرف ہلال امتیاز (ملٹری)و تمغہ بسالت نے پاک بحریہ کے 23 ویں چیف آف دی نیول اسٹاف کے طور پر کماند سنبھال لی۔ پی این ایس ظفر اسلام آباد میں تبدیلی کمان کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نشان امتیاز(ملٹری)وستارہ بسالت نے اپنی مدت ملازمت مکمل ہونے پر کمان کی باگ ڈور ایڈمرل نوید اشرف کے حوالے کی۔سبکدوش ہونے والے نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ آج پاک بحریہ پاکستان کی مسلح افواج کا ایک مضبوط اور اہم بازو ہے، جو ملکی بحری سرحدوں کی حفاظت کرنے اوردشمن کے دل میں دھاک بٹھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے مشرقی ہمسایہ ملک کی جانب سے بڑے پیمانے پرملٹری اثاثوں میں اضافے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ اس چیلنج سے پوری طرح باخبر ہے اور جدید ترین نیول پلیٹ فارمز اور آلات کی شمولیت کے ذریعے اپنی حربی تیاروں اور صلاحیتوں کو فروغ دے رہی ہے۔
سبکدوش ہونے والے نیول چیف کا کہنا تھا کہ بلیواکانومی کافروغ ملک کی مجموعی معاشی ترقی کے لئے بہت اہمیت کاحامل ہے۔ اس ضمن میں ایک اہم اقدام کے طور پر پاک بحریہ نے میری ٹائم سیکٹرکی ترقی اور بلیو اکانومی کے بارے میں آگاہی کو فروغ دینے کے لئے وزارت بحری امور کی سرپرستی میں پہلی پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس (PIMEC) کا کامیاب انعقاد کیا۔ آخر میں سبکدوش ہونے والے امیرالبحر نے ایڈمرل نوید اشرف کو بطور چیف آف دی نیول اسٹاف تعیناتی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے پاک بحریہ کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے آنے والے امیرالبحر پر مکمل اعتماد اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔کمان کی تبدیلی کی تقریب میں سینئر سرکاری حکام، سابق نیول چیفس،پاک بحریہ کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران، سی پی اوز/ سیلرز اور سول ملازمین نے شرکت کی۔
امیرالبحر ایڈمرل نوید اشرف نے 1989 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ جرمنی اور پاکستان میں ابتدائی بحری تربیت کی کامیاب تکمیل پرانہیں قائداعظم گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ اپنے شاندار نیول کیریئر کے دوران انہوں نے متعدد کمانڈ اور اسٹاف تقرریوں پر خدمات انجام دیں۔ ان کے 10 سالہ کمانڈز تجربے میں گن بوٹ کی کمانڈ، ایک مائن ہنٹر، تین ڈسٹرائرز اور 25ویں اور 18ویں ڈسٹرائر اسکواڈرنز کی کمانڈشامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایڈمرل نوید اشرف کو پاکستان نیول اکیڈمی اور پاکستان نیوی فلیٹ کی کمانڈ کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ ان کی اہم ا سٹاف تقرریوں میں فلیٹ ہیڈ کوارٹر میں فلیٹ آپریشنز آفیسر، ہیڈکوارٹر فلیگ آفیسر سی ٹریننگ میں کیپٹن ٹریننگ، ہیڈکوارٹر NAVCENT بحرین میں ٹاسک فورس 151کے چیف اسٹاف آفیسر، وائس پریزیڈنٹ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، نیول سیکرٹری، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف(ایڈمن)، ڈائریکٹر جنرل C4I، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ٹریننگ اینڈ پرسنیل)، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز)اور نیول ہیڈ کوارٹرز میں چیف آف اسٹاف کی اہم تعیناتیاں شامل ہیں۔
ایڈمرل نوید اشرف پاکستان نیوی وار کالج لاہور، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد، نیول اسٹاف کالج امریکہ اور رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز برطانیہ سے فارغ التحصیل ہیں۔دوران سروس شاندار خدمات کے اعتراف میں ایڈمرل نوید اشرف کو ہلال امتیاز (ملٹری) اور تمغہ بسالت سے نوازا جاچکاہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں