97

راولپنڈی ڈویژن میں 07 ستمبر 2023 سے اب تک 412 مقدمات کا اندراج، 309 ملزمان گرفتار، 05 کروڑ 26 لاکھ کی ریکوری۔

راولپنڈی ڈویژن میں 07 ستمبر 2023 سے اب تک 412 مقدمات کا اندراج، 309 ملزمان گرفتار، 05 کروڑ 26 لاکھ کی ریکوری۔
راولپنڈی( قوی اخبار)کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے بجلی چوری کی روک تھام کیلئے قائم ڈویژنل عملدرآمد کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ صوبہ بھر میں انسداد بجلی چوری کے سلسلے میں راولپنڈی ڈویژن کی کارکردگی سب سے بہتر ہے تاہم ہمیں اسے بہترین بنانا ہے۔ اس وقت ہمارے لائن لاسز 11.7% ہیں اور ہمارا ٹارگٹ ہے کہ انہیں 5% تک لایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کمرشل سیٹلمنٹس پر خصوصی توجہ دی جائے کیونکہ وہاں بجلی چوری کا خدشہ زیادہ ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر اٹک اور جہلم کو ہدایت کی کہ وہاں کریشرز زیادہ ہیں اس لئے ان پر خاص طور پر چیکنگ کی جائے۔ اسی طرح مری میں بہت سے ہوٹلز میں ہیٹرز بجلی پر لگائے جاتے ہیں ان کو بھی چیک کیا جائے۔ کمشنر نے کہا کہ صوبائی حکومت کی رپورٹ کے مطابق ایسے فیڈرز جہاں لائن لائسز بہت زیادہ ہیں، ان فیڈرز پر خاص فوکس کرتے ہوئے بجلی چوروں کی نشاندہی کر کے انہیں گرفتار کیا جائے اور ان سے وصولی کویقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ بجلی چوروں سے انفرادی وصولی کی جائے نہ کہ پورے علاقے یا گاؤں پرجرمانہ ڈالا جائے۔
کمشنر آفس راولپنڈی میں منعقدہ اس اجلاس میں سی پی او، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو شمس توحید، ڈی ایس پی شاہدہ، چیف ایگزیکٹو افیسر آئیسکو ڈاکٹر انجئینر امجد، آفیسر سپیشل برانچ یوسف و پولیس اور آئیسکو کے دیگر متعلقہ افسران کے علاوہ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او اٹک، جہلم اور چکوال نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اس موقع پر بجلی چوری کی روک تھام کے لیے اب تک کی جانے والی کاروائیوں کی تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے اجلاس کو بتایاگیا کہ بجلی چوروں کے خلاف جاری مہم کے دوران چاروں اضلاع میں 07 ستمبر 2023 سے اب تک 412 مقدمات کا اندراج کرکے 309 ملزمان کو گرفتار کیا گیاہے۔ اسکے علاوہ اب تک 05 کروڑ 26 لاکھ کی ریکوری بھی کی جاچکی ہے۔ بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور آئیسکو افسران واہلکاران ایک تحریک کی صورت میں کام کر رہے ہیں۔اجلاس میں ہر ضلع میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائی اور جرمانہ وبقایا جات وصولی کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں