205

کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے راولپنڈی میں سبزی و فروٹ منڈی کے قیام کے لیے مختص کی گئی جگہ کا دورہ کیا

راولپنڈی ( قوی اخبار)کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے راولپنڈی میں سبزی و فروٹ منڈی کے قیام کے لیے مختص کی گئی جگہ کا دورہ کیا۔ سبزی و فروٹ منڈی یونین کونسل راوت مین جی ٹی روڈ نزد چک بیلی موڑ کے مقام پر عارضی طور پر قائم کی جاری ہے اس موقع پر کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے کہاکہ راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ مکمل ہونے بعد مستقل سبزی و فروٹ منڈی قائم کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ 23 اکتوبر بروز سوموار تک سبزی منڈی کو مکمل طور فعال بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ راولپنڈی بہت بڑا شہر ہے اس سبزی و فروٹ منڈی کی اشد ضرورت تھی۔سبزی منڈی کے قیام سے راولپنڈی کے مقامی لوگوں کو روزگار ملے گا۔ راولپنڈی کے لوگوں کو اسلام آباد سبزی و فروٹ منڈی جانے کے لیے بہت لمبا سفر کرنا پرتا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لمبے سفر کے ساتھ گاڑی کا کرایہ زیادہ پڑتا تھا جس سے سبزی اور فروٹ کی قیمتوں میں واضح فرق دیکھنے کو ملتا تھا۔ انہوں نے کہاکہ راولپنڈی میں سبزی و فروٹ منڈی کے قیام کے بعد لوگوں کو معیاری اور مناسب قیمتوں میں سبزی اور فروٹ میسر آئے گا۔ بعدازاں کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے وہیکل انسپیکشن اینڈ سرٹیفیکیشن سسٹم راوت راولپنڈی کا بھی دورہ کیا کمشنر راولپنڈی نے اپنے زیر استعمال سرکاری گاڑی کی وکس سنٹر راوت سے انسپیکشن کروا کر فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کیا اور تمام عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر سیکرٹری آر ٹی اے راشد محمود، چیرمین آر ڈبلیو ایم سی رفیق احمد اور ٹرانسپوڑٹ یونین کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ کمشنر نے گاڑیوں کی فٹنس سر ٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے آئے ہوئے ٹرانسپورٹرز سے حکومت پنجاب کی جانب سے دی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری آر ٹی اے ارشد محمود نے تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ وہیکل انسپیکشن سینڑ میں وہیل الائمنٹ ‘ سسپینشن’ بریک انسپیکشن’ ٹائر ٹیسٹ’ ظاہری حالت کا ٹیسٹ’ ہیڈ لائٹ’ سیٹ بیلٹ چیک’ انجن کی آواز کا ٹیسٹ اور دھواں کے ٹیسٹ کیے جاتیہیں۔ہر 6ماہ بعد فٹنس ٹیسٹ لازمی ہو گا۔روزانہ تقریبا 60 گاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔ کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے کہاکہ انسداد سموگ کی روک تھام کیلئے گاڑیوں کی فٹنس کی جانچ پڑتال لازمی ہے۔دھواں چھوڑنے والی تمام گاڑیوں کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد راولپنڈی شہر کو سموگ فری بنانا ہے انہوں نے کہاکہ گاڑیوں کے مالکان کو چاہیے کہ وہ روڈ پر آنے سے قبل وکس سے اپنا فٹنس سرٹیفکیٹ ضرور لیں گاڑیوں کی فٹنس سرٹیفیکیشن کا نظام مکمل طور پر فعال ہے۔انہوں نے کہاکہ فٹنس سرٹیفیکیشن کا نظام جدید ترین سہولیات سے لیس ہے۔فٹنس سرٹیفیکیشن کے اجراء سے آلودگی میں کمی آئے گی۔ پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کی فٹنس جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کی جا رہی ہے۔ کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے مزید کہا کہ روڈ سیفٹی کے لیے فٹنس سرٹیفیکیٹ بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ راولپنڈی کی بڑی شاہراؤں اور اڈوں پر انسداد سموگ اقدامات کے حوالے سے بینر آویزاں کیے جائیں تاکہ لوگوں کو آگاہی حاصل ہو اور ٹرانسپورٹر یونین عہدداران ٹرانسپورٹرکو گاڑیوں کی فٹنس کی جانچ پڑتال کے لیے وکس سنٹر بھیجیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں