پاکستان اور چین کے درمیان مشترکہ بحری مشق سی گارڈین 2023 کا آغاز
کراچی، ,(قوی اخبار )پاکستان اور چین کی بحری افواج کے مابین دو طرفہ مشق سی گارڈین 2023 کی افتتاحی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی۔ کمانڈر چنگ ڈاؤ نیول بیس، ریئر ایڈمرل لیانگ یانگ اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب سے خطاب میں وائس ایڈمرل محمدفیصل عباسی نے چین کے بحری بیڑے کے افسران اور جوانوں کو خوش آمدید کہا اور دونوں ممالک بالخصوص بحری افواج کے مابین اسٹریٹجک تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔ انہوں نے مشق کے دوران بہترین منصوبہ بندی اور عملی پیش رفت کی اہمیت کو اجاگر کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ مشق دونوں بحری افواج کے درمیان مشترکہ اسٹریٹجک تعاون کو مزید تقویت دے گی۔اپنے خطاب کے دوران چینی کمانڈر نے مشق سی گارڈین کی میزبانی پر پاک بحریہ کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ مشق دونوں بحری افواج کے لیے پیشہ ورانہ طور پر فائدہ مند ثابت ہو گی۔قبل ازیں، مشق میں شرکت کے لیے بحری جہازوں، آبدوزوں، سب میرین ریسکیو شپ اور میرینز فورسز کے نمائندوں پر مشتمل چینی بحری بیڑہ کراچی پہنچا۔ مشق کے دوران، پاک بحریہ اور چینی بحریہ کے فضائی اور دیگر اثاثے، میرینز / اسپیشل فورسز کے اہلکاروں، فرنٹ لائن جنگی بحری جہازوں اور فریگیٹس کے ہمراہ شمالی بحیرہ عرب میں جدید طرز کی مشترکہ مشقیں کریں گے۔ اس کے علاوہ ہاربرفیز کے دوران ،مختلف پیشہ وارانہ اور سماجی سرگرمیاں بھی انجام دی جائیں گی۔مشق سی گارڈین 2023 کا مقصد بحرِ ہند میں روایتی اور غیر روایتی خطرات کے متعلق پیشہ وارانہ تجربات کا تبادلہ کرنا اور دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔یہ مشق پاک چین بحری افواج کے مابین مضبوط دفاعی تعلق کا مظہر ہے اور دونوں افواج کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید تقویت بخشے گی۔ تقریب میں دونوں بحری افواج کے عسکری حکام کی بڑی تعداد نے شرکت کی