آر ڈی اے ٹاسک فورس کی غیر قانونی سب ڈویژنز و تعمیرات کے خلاف بھر پورکارروائیاں جاری ہیں۔
ٹاسک فورس نے منظور شدہ ہاؤسنگ سکیم گلشن آباد میں غیر قانونی سب ڈویژن کو مسمار کر دیا۔
راولپنڈی: ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کی ہدایات کی روشنی ٹاسک فورس کی کارروائیاں جاری ہیں۔ آر ڈی اے ترجمان کے مطابق ٹاسک فورس نے منظور شدہ ہاؤسنگ سکیم گلشن آباد میں موضع کلیال اور کلری، راولپنڈی میں سب ڈویژن کے خلاف آپریشن کیا اور تمام گلیوں کے سٹارٹنگ پوائنٹس کو مسمار کر دیا ہے۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ کی ہدایت پر ڈی جی آر ڈی اے، ڈی سی راولپنڈی اور سی پی او راولپنڈی غیر قانونی تعمیرات اور غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ڈی جی آر ڈی اے محمد سیف انور جپہ نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کی ہدایات پر غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے فراڈ اور شہریوں سے لوٹ مار روکنے کے لیے تمام غیر قانونی سوسائٹیوں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان کے ناجائز قبضوں کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ اسلحہ کے زور پر زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جن ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان قانونی دستاویزات مکمل کر چکے ہیں انہیں زمین کا قبضہ دے دیا گیا ہے۔ آر ڈی اے عوام الناس کی معلومات کے لیے وقتاً فوقتاً پریس ریلیز جاری کرتا رہتا ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری نہ کریں اور آرڈی اے کی ویب سائٹ www.rda.gop.pk پر مزید معلومات حاصل کر سکتے ہیں اور مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ صرف منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں میں ہی خرید و فروخت کریں۔ حکام کے مطابق اس سے قبل مذکورہ ہاؤسنگ سکیم کے مالکان اور اسپانسرز کو نوٹسز جاری کیے گئے تھے اور غیر قانونی اشتہارات، بکنگ اور ڈویلپمنٹ روکنے کے لیے نوٹس جاری کیے گئے تھے۔ ان جائیدادوں کے مالکان قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے بکنگ آفس چلا رہے تھے۔ آپریشن ٹیم جس میں آر ڈی اے سکیم سپرنٹنڈنٹ شفقت شاہ، سکیم انسپکٹر محمد طارق تھانہ صدر بیرونی راولپنڈی کی پولیس ٹیم، ضلع کونسل کے انسپکٹر، ضلعی انتظامیہ کے نمائندے اور دیگر ٹیم ممبران نے مشترکہ طور پر گرینڈ آپریشن کیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
132