وفاقی پولیس شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل ناکام
سبزی منڈی ٹماٹر کا کاروبار کرنے والا معروف تاجر صفدر صدیق ٹارگٹ کلنگ، کی بھینٹ چڑ گیا، ملزمان فرار
واقع گزشتہ رات دس بجے کے قریب تھانہ سبزی منڈی کی چند میٹر کی مسافت پر پیش آیا تاجر برادری میں شدید غم وغصہ پایا جانے لگا
اسلام آباد( قوی اخبار)اسلام آباد کے تھانہ سبزی منڈی کی چند میٹر دوری پر واقع فروٹ و سبزی منڈی میں رات گئے ٹارگٹ کلنگ کا افسوسناک واقعہ میں معروف تاجر صفدر صدیق کو موٹر سائیکل سوار دو افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ تاہم ملزمان قانون کی گرفت میں نہ آسکے۔ پولیس نے مقتول تاجر کے بیٹے کی مدعیت میں واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ معروف تاجر 65 سالہ صفدر صدیق 25 دسمبر 2023ء کی رات سوا دس بجے اپنے بیٹے شازل صفدر کے ہمراہ سبزی منڈی میں موجود تھے اور ٹماٹر شیڈ میں سودا فروخت کرکے اپنے بیٹے کے ہمراہ واپس جارہے تھے کہ اسی اثناء میں موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے ان کے قریب آکر موٹر سائیکل روکا اور مسلح شخص نے ان کے سر پر پستول تان کر فائر کر دیا۔ جس سے وہ شدید زخمی ہوکر گر پڑے۔ جبکہ موٹر سائیکل سوار موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعہ کے بعد سبزی منڈی میں افراتفری مچ گئی۔ سبزی منڈی میں موجود افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت صفدر صدیق کو شدید زخمی حالت میں پمز ہسپتال منتقل کرایا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ واقعہ کے بعد پولیس کے سینئر افسران بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور شہر کی فوری ناکہ بندی کرا دی گئی لیکن ملزمان پولیس کے ہتھے نہ چڑھ سکے۔ تھانہ سبزی منڈی پولیس نے مقتول تاجر کے بیٹے شازل صفدر کی مدعیت میں واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مدعی مقدمہ کے مطابق ملزمان شلوار قمیض میں ملبوس تھے۔ ملزمان کی عمریں بیس سے پچیس سال کے درمیان تھیں۔ واقعہ کے بعد ملزمان میٹرو کی طرف فرار ہوگئے۔ سبزی منڈی اسلام آباد کے کاروباری حضرات نے اس واقعہ پر شدید مذمت کرتے ہوئے غیر معینہ مدت کے لئے سبزی منڈی اسلام آباد کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تاجروں کا کہنا تھاکہ جب تک قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا جاتا تب تک سبزی منڈی احتجاجاً بند رہے گی سبزیاں منڈی میں اس وقت سوگ کا عالم ہے۔