54

ددہوچہ ڈیم منصوبہ ‘آن ٹریک’ ہے، دو سال سے کم مدت میں مکمل ہو گا، ڈاکٹر جمال ناصر

ددہوچہ ڈیم منصوبہ ‘آن ٹریک’ ہے، دو سال سے کم مدت میں مکمل ہو گا، ڈاکٹر جمال ناصرروزنامہ قوی اخبار
ددہوچہ ڈیم راولپنڈی کی عوام کیلئے ناگزیر ہے، برسوں سے تعطل کے شکار منصوبہ پر وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے
کام کا آغاز کیا، راولپنڈی کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے وزیراعلی کے مانیٹرنگ انچارج ڈاکٹر جمال ناصر کا ددہوچہ ڈیم کا دورہ
راولپنڈی ( قوی اخبار ) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر و بہبود آبادی ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ذاتی دلچسپی لیکر راولپنڈی عوام کیلئے ناگزیر منصوبہ ددہوچہ ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ کر اس پر کام کا آغاز ہو گیا ہے اور برسوں سے تعطل کا شکار رہنے والا یہ منصوبہ اب ‘آن ٹریک’ رہے گا اور اس پراجیکٹ کو دو سال سے کم مدت میں مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
یہ بات صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے ددہوچہ ڈیم کے دورہ کے موقع پر کی۔ ڈاکٹر جمال ناصر راولپنڈی کے تمام ترقیاتی منصوبوں کیلئے وزیر اعلیٰ محسن نقوی کے مانیٹرنگ انچارج ہیں۔ ان کو ددہوچہ ڈیم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے ددہوچہ ڈیم پر جاری کام کا تفصیلی معائنہ کیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ ددہوچہ ڈیم راولپنڈی کی پانی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ناگزیر ہو چکا ہے اور اس ڈیم کی تعمیر میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کر دیا گیا ہے اور اب یہ منصوبہ پوری رفتار کے ساتھ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے صوبے بھر میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو برق رفتاری سے مکمل کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے اور جس تیزی سے اس مختصر وقت میں ترقیاتی منصوبوں پر کام ہوا ہے اس کی مثال صوبہ کی تاریخ میں نہیں ملتی۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ ددہوچہ ڈیم کے لئے زمین کی خریداری کا عمل جاری ہے اور اب اس میں رکاوٹ حائل نہیں ہونے دی جائے گی اور اس ضمن میں کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھاث نے بہت محنت اور دانشمندی سے اپنے فرائض منصبی سر انجام دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ددہوچہ ڈیم کے بغیر راولپنڈی کے پانی کی ضروریات کو کسی صورت مکمل نہیں کیا جا سکتا اور اس منصوبے کو وقت سے پہلے مکمل کرنے کی منصوبہ بندی بھی کی گئی ہے تاکہ یہ مفاد عامہ کا اہم منصوبہ جلد از جلد تکمیل کے مراحل میں پہنچ کر عوام کو سہولت فراہم کر سکے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ اس منصوبے کی اونچائی 123 فٹ ہے جبکہ اس کی لمبائی 737 فٹ ہے اور یہ راولپنڈی کو روزانہ 35 ملین گیلن پانی فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی لاگت 15 ارب روپے ہے اور اس منصوبہ کیلئے زمین کی ادائیگی شروع ہو چکی ہے اور یہ منصوبہ اپنی پوری رفتار کے ساتھ جاری و ساری رہے گا۔
٭٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں