دوران امتحان ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری شدہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔چیئرمین راولپنڈی تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان
راولپنڈی( قوی اخبار )بورڈآف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن راولپنڈ ی کے زیر اہتمام ہونے والے فرسٹ اینول امتحان میٹرک 2024 کے تعینات ہونے والے سپرنٹنڈنٹ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ،ڈسٹری بیوٹرز، ریذڈنٹ انسپکٹرز اور نگرانوں کے لئے امتحانی امور کے لئے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 1 تلہ گنگ میں کیا گیا۔تربیتی ورکشاپ کا مقصد تمام تعینات ہونے والے عملے کو بورڈ کے امتحانی امور سے اگاہی دینا تھا۔تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین راولپنڈی تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان نے کہا کہ دوران امتحان ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری شدہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔ اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ موبائل فون امتحانی سنٹر میں کوئی شخص کسی صورت نہیں لے کر جا سکتا اور سوالیہ پرچوں والے سیلڈ لفافے کسی صورت پیپر شروع ہونے کے وقت سے پہلے نہیں کھولے جا سکتے ہیں۔ کسی امیدوار کو سوالیہ پرچوں والا لفافہ کھل جانے کے بعد سنٹر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔تمام امیدواران کو آدھا گھنٹہ پہلے سنٹر میں پہنچنا ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک نیشنل کاذ ہے لہذا ہم سب کو ایمانداری اور یک جہتی سے اس کو پورا کرنا ہے۔ کنٹرولر امتحانات پروفیسر ساجد محمود فاروقی نے تمام امتحانی عملے کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس تربیتی ورکشاپ کا مقصد تعلیمی بورڈ کی طرف سے طلباو طالبات کو دی جانے والی امتحانی سہولیات اور امتحانی عملے کی اپنے ڈیوٹی سے متعلق اگاہی ہے کہ وہ کس طرح اپنی امتحانی ڈیوٹی ادا کریں گے۔ اساتذہ اس معاشرے کا رول ماڈل ہیں اس لیے امتحانی ڈیوٹی دل جمی اور محنت اور لگن سے ادا کریں تاکہ شامل امتحان ہونے والے تمام امیدواران کو بہترین امتحانی ماحول فراہم ہو سکے۔ تمام امتحانی ا مور کی نگرانی چیئرمین اور وہ خود کریں گے۔ تمام امتحانی مراکز کے اچانک دورے بھی کیے جائیں گے۔ امتحانی نظام کی شفافیت میری اولین ترجیح ہے۔