*یو ایس ایڈ کا تربیتی پروگرام کے ذریعے توانائی کے شعبے میں خواتین انجینئرز کو بااختیار بنانے کا اہم اقدام*
اسلام آباد (قوی اخبار )
اسلام آباد میں آج یو ایس ایڈ کے زیر اہتمام خواتین انجینئرز کے لیے پاور سسٹم اینڈ ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کے تربیتی پروگرام کی کامیاب تکمیل کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی۔یہ تربیتی پروگرام توانائی کے شعبے میں صنفی مساوات کے لیے یہ ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ پروگرام یو ایس ایڈ اور لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے اشتراک سے، پاکستان کی پاور ڈسٹری بیوشن اور ٹرانسمیشن کمپنیوں کی طرف سے انجینئرز کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
تقریب میں خطاب کرتے ہوئے یو ایس ایڈ پاکستان کی مشن ڈائریکٹر کیٹ سومونگسری نے کہا، “خواتین انجینئرز کو دی گئی اس خصوصی تربیت کے ذریعے، ہم نہ صرف خواتین انجینئرز کی قابلیت میں اضافہ کر رہے ہیں اور کیریئر کی نئی راہیں کھول رہے ہیں بلکہ کمپنیوں کے اندر ٹیم انگیجمنٹ، حوصلہ افزائی اور فیصلہ سازی جیسے عوامل کو بھی فروغ دے رہے ہیں۔
پروگرام کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے، چیئرمین آئیسکو/ چیئرمین میپکو نے کہا، ” اس تربیتی پروگرام کے ذریعے، پاکستانی خواتین انجینئرز نےیو ایس ایڈ کے فراہم کردہ دو پاور سسٹم پلاننگ سافٹ ویئر ایپلی کیشنز ArcGIS اور Synergi کو استعمال کرنے میں عملی مہارت حاصل کی ہے۔ اس اقدام کا اثر خواتین انجینئرز کو انفرادی طور پر بااختیار بنانے سےکہیں آگے ہے، کیونکہ تربیت یافتہ خواتین انجینئرز اب بجلی کی تقسیم کے نیٹ ورکس میں پاکستان کے مستقبل کے مطالبات کو مؤثر طریقے سے حل کرنے کے قابل ہیں، جس سے توانائی کے پورے شعبے کو فائدہ پہنچے گا۔”
یو ایس ایڈ توانائی کے شعبے میں صنفی مساوات کو فروغ دینے کے لیے پر عزم ہے۔ توانائی کے شعبے میں مختلف کرداروں بشمول پاور ڈسٹری بیوشن پلاننگ، انجینئرنگ، مینجمنٹ، اور قیادت میں خواتین کی کم نمائندگی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے، ان اکتیس خواتین انجینئرز کی تربیت کا مقصد انجینئرنگ کے شعبے میں صنفی رکاوٹوں کو توڑنا ہے۔ یہ اقدام ایک زیادہ متنوع اور باصلاحیت افرادی قوت کو فروغ دے گا جو کمپنی کی جدت اور کارکردگی پر مثبت اثر ڈالے گی۔