89

منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال سیّد طارق محمود الحسن نے اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفیر نواف المالکی کی خصوصی دعوت پر سعودی سفارت خانے کا دورہ کیا

اسلام آباد (قوی اخبار )منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال سیّد طارق محمود الحسن نے اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفیر نواف المالکی کی خصوصی دعوت پر سعودی سفارت خانے کا دورہ کیا جہاں سعودی سفیر نے انکا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ سعودی سفیر نے سید طارق محمود الحسن کو منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ایم ڈی بیت المال نے دنیا بھر میں سماجی شعبے میں سعودی عرب حکومت کی خصوصی دلچسپی کو سراہا۔ انھوں نے کہا کہ دونوں برادر ملک ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کے کام آتے رہے ہیں اور سعودی عرب پاکستانی معیشت اور سول سوسائٹی کو ہمیشہ اہمیت دیتا رہا ہے جو دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد کا مظہر ہے۔ ملاقات میں ایم ڈی بیت المال اور سعودی سفیر نے پاکستان میں سماجی شعبے میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ سعودی سفیر نے پاکستان بیت المال کے ادارے پاکستان سویٹ ہوم کے سو یتیم بچوں کی کفالت کی ذمہ داری اٹھانے کا بھی اعلان کیا۔ اس حوالے سے جلد ایک باہمی یادداشت کے معاہدے پر دستخط کئے جائیں گے۔ مزید براں رمضان کے مہینے میں غریب، نادار و ضرورت مند افراد کو راشن کی فراہمی کیلئے سعودی سفارت خانہ پاکستان بیت المال کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ اس کے ساتھ سماجی شعبے کے دیگر کاموں میں بھی سعودی سفارت خانہ اور سعودی عرب کے فلاحی ادارے پاکستان بیت المال کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ اس سے قبل بھی کئی مواقع پر سعودی عرب کے رفاعی ادارے سعودی ریلیف اور سماجی شعبے کے دیگر ادارے پاکستان بیت المال کے ساتھ مل کر غریب و نادار افراد کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد منصوبوں پر کام کر چکے ہیں۔ سید طارق محمود الحسن نے سعودی سفیر کو تحائف بھی پیش کئے اور پاکستان بیت المال کے ساتھ تعاون پر ان کا بھر پور شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں