اسلام آباد (قوی اخبار )
اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے شہید کنسٹیبل شعیب افضل کی نماز جنازہ پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ادا کردی گئی،نماز جنازہ میں آئی سی سی پی اوڈاکٹر اکبرناصرخاں، سینئرپولیس افسران، انتظامیہ، دیگر قانون نافذکرنے والے اداروں کے افسران سمیت بڑی تعداد میں پولیس ملازمین اورشہریوں نے شرکت کی،اپنے فرض کی ادائیگی کے دوران جان کی پرواہ نہ کرنے والے ہمارا فخر ہیں ،آئی سی سی پی او
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے شہید کنسٹیبل شعیب افضل کی نماز جنازہ پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ادا کردی گئی، اسلام آباد کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹراکبرناصرخاں سمیت سینئر پولیس افسران ،انتظامیہ،دیگر قانون نافذکرنے والے اداروں کے افسران سمیت پولیس ملازمین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی ، اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی،آئی سی سی پی او اور سینئر پولیس افسران نے شہید کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادر چڑھائی اورپورے سرکاری اعزاز کے ساتھ انکی میت کو ان کے آبائی گاﺅں منڈی بہاوالدین روانہ کیا،آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبرناصرخاں نے لواحقین سے ملاقات کی پولیس فورس کی طرف سے اظہار افسوس کیا اور شہید کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی، آئی سی سی پی او نے شہید کے لواحقین کو ہرطرح سے بھرپورمدد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی، تھانہ کورال کے علاقہ میں پولیس ٹیم نے مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مارا، چھاپے کے دوران ملزمان نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی، فائرنگ سے پولیس جوان محمد شعیب شدید زخمی ہوگئے جن کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں کنسٹیبل محمد شعیب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے، آئی سی سی پی اوڈاکٹر اکبرناصرخاں نے کہا کہ شہید شعیب افضل نے آج فرض کی راہ میں اپنی جان قربان کی، اس وقوعہ میں ملوث ملزمان کو جلداز جلد گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا،انہوں نے مزید کہا کہ شہید کی قربانی ہرگز رائیگاں نہیں جائے گی، ہم وردی پہنتے ہیں اور شہادت کے جذبے سے سرشار ہوتے ہیں ایسی بزدلانہ کاروائیاں ہمارے فرض کی ادائیگی میں رکاوٹ نہیں بن سکتی پولیس فورس کا مورال بلند ہے سماج دشمن عناصر کا قلع قمع کرکے ہی دم لیں گے، شہید شعیب افضل انتہائی نڈر اور فرض شناس پولیس افسر تھے، حال ہی میں ان کی بہترین فرض شناسی پر انہیں آئی سی سی پی او کی طرف سے تعریفی سند اور انعام سے نوازا گیا تھا، شہید شعیب افضل 2019 میں بطور کنسٹیبل اسلام آباد کیپیٹل پولیس میں بھرتی ہوئے تھے۔