137

سربراہ پاک فضائیہ سے کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ کی ملاقات

سربراہ پاک فضائیہ سے کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ کی ملاقات

راولپنڈی (قوی اخبار )کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ، جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے آج ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورے کے دوران سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور، ڈرون ٹیکنالوجی، سائبر اور نیٹ ورکنگ سمیت نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں دونوں ممالک کے مابین موجودہ تعاون کو تقویت دینے سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران ایئر چیف نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیئے جاری مہم کے وسیع منصوبوں سے آگاہ کیا جن کا مقصد سائبر، اسپیس، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، الیکٹرانک وارفیئر اور جدید ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں پاک فضائیہ کی موجودہ آپریشنل صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی آپریشنل ساخت، اس کے اہداف اور جدید جنگی حکمت عملیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیئے جاری مختلف منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ ایئر چیف نے دونوں ممالک کے مابین لازوال مذہبی اور تاریخی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان اور بحرین کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات پر زور دیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے اس امر کا بھی اظہار کیا کہ، “پاکستان بحرین کے ساتھ اپنی مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جو علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں ہم اہنگی پر مبنی ہیں۔”

معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی متحرک قیادت میں پاک فضائیہ کی جانب سے کی گئی نمایاں پیش رفت کی تعریف کی۔ علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی ان تھک کاوشوں کا اعتراف کرتے ہوئے، انہوں نے پاکستان اور بحرین کے مابین دوطرفہ عسکری تعاون کے فروغ کے لیے ہر سطح پر اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ مزید برآں کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے پاک فضائیہ کی سائبر کمانڈ کا دورہ کیا جہاں انہیں پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔ سائبر ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاک فضائیہ کی جانب سے کی کئی غیر معمولی پیش رفت میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے، معزز مہمان نے بحرین مسلح افواج کے ابھرتے ہوئے ٹیکنالوجی کے شعبے میں کسی بھی ممکنہ کمی کا جائزہ لینے اور اس کے تدارک کے لیئے ایک خصوصی ٹیم پاکستان بھیجنے کے اپنی خواہش کا اظہار کیا۔ ائیر چیف نے کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ کو پاک فضائیہ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور بحرین مسلح افواج کے تکنیکی ڈھانچے کو تقویت دینے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں معززین نے تربیت، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور ہوابازی کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔چیف آف دی ایئر اسٹاف اور کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ کی یہ ملاقات دونوں ممالک کے مابین مفاہمت اور عسکری تعاون کے ذریعے موجودہ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے پختہ عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں