69

میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کے موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کا پیغام

میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کے موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کا پیغام
یہ امر میرے لیے انتہائی باعث ِاطمینان ہے کہ 2017 میں شروع ہونے والی میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ ایک اہم قومی سرگرمی کی حیثیت اختیارکر چکی ہے جس کا ساتواں ایڈیشن پاکستان نیوی وار کالج لاہورمیں منعقد ہورہا ہے۔ یہ ورکشاپ میری ٹائم کے شراکت داروں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے تاکہ پاکستان کے میری ٹائم پوٹینشل کو اُجاگر کیا جا سکے اور صرف ِ نظر کیے جانے والے میری ٹائم شعبے کو بروئے کارلانے کے طریقوں اور ذرائع کو وسیع کیاجا سکے۔ یہ ورکشاپ حکومت، افواج، شعبہ تعلیم، صحافت اور صنعت کے صاحب ِ بصیرت افرادکو ایک مشترکہ مقصد کے تحت اکٹھا کرتی ہے تاکہ باہم مربوط دنیا میں میری ٹائم سیکیورٹی کے متعلق ہماری سوچ کو فروغ حاصل ہو۔
عالمی میری ٹائم منظرنامہ بدلنے کی بدولت ہمارے قریب ترین پڑوس میں واقع بحرِ ہند کو جغرافیائی سیاسی مسابقت اور نیوکلیئرائزیشن جیسے بے مثال چیلنجز کا سامنا ہے۔ بڑھتی ہوئی عالمی تجارت، بین الاقوامی خطرات میں اضافہ اور ٹیکنالوجی میں جدت نے بحرِ ہند میں ترقی کے مواقعوں کے ساتھ ساتھ خطرات کو بھی جنم دیا ہے۔اس پسِ منظر میں اپنے سمندری علاقے کو محفوظ بنانا نہ صرف ایک قومی ترجیح بلکہ ایک اہم ضرورت ہے جس کو پورا کرنے کے لیے باہمی تعاون، اختراعی صلاحیت اور چوکنا رہنا انتہائی ناگزیرہے۔سمندر اوراس سے جُڑے سیکیورٹی چیلنجز کے باوجود ہمارے بحری وسائل اقتصادی خوشحالی کے لیے بے پناہ نعمتوں سے مالا مال ہیں۔ملک کا اقتصادی مستقبل ناگزیر طور پر سمندر سے جُڑا ہے جو انسانی بقا کا آخری ذریعہ ہے۔اس حقیقت کے باوجود کہ سمندرانسانیت کا مشترکہ ورثہ ہیں سمندری وسائل پر دعوے اور جوابی دعوے ایسے ایسے تضادات کو جنم دے رہے ہیں جن کا وجود پہلے نہیں دیکھا گیا۔بحرِ ہند میں رونما ہونے والی سرگرمیوں کا تعلق براہ ِ راست پاکستان کی میری ٹائم سیکیورٹی سے ہے۔اس سیاق و سباق میں بحری اقتصادیات کے ذریعے سماجی معاشی خوشحالی کے حصول کے لیے پُر امن میری ٹائم ماحول نہایت ضروری ہے جو ہماری خصوصی توجہ کے بغیر ممکن نہ ہو گا۔مجھے یقین ہے کہ میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ نئے نقطہ نظر کو جنم دے گی اور قابل ِعمل اقدامات کی جانب راہنمائی کے ساتھ ساتھ میری ٹائم سیکیورٹی اور اس سے جُڑی معاشی خوشحالی کے سلسلے میں ہمارے عزم کو مزید مستحکم کرے گی۔آئیےہم سب مل کر ایک محفوظ اور مستحکم میری ٹائم ماحول کے لیے کام کریں جونہ صرف ہماری قوم بلکہ عالمی برادری کے لیے بھی فائدہ مند ہو ۔ میں امید کرتا ہوں کہ میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء کی باہم مشاورت بصیرت انگیز ہو اور اپنے میزبان پاکستان نیوی وار کالج میں ان کا قیام خوشگوار ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں