بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سزا مکافات عمل ہے، انجم عقیل خان
بانی پی ٹی آئی اور انکی اہلیہ کو سزا سنائے جانے پر مٹھائی تقسیم کی گئی
اسلام آباد(سٹی رپورٹر)القادر ٹرسٹ اور 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور انکی اہلیہ کو سزا سنائے جانے پرن لیگی کارکنوں نے مٹھائی تقسیم کی ،اس حوالے سے خداداد ہائیٹس ترنول اور G-9 مرکزمیں مٹھائی اور جشن کا پروگرام منعقد ہوا جس میں رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان سمیت لیگی اراکین ، خواتین ونگ ، وکلاء ونگ ، یوتھ ونگ کےکارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی،اس موقع پر رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان کا شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سزا مکافات عمل ہے، تمام پاکستانی قوم کو علم ہو کہ نام نہاد شخص کو جو ایمانداری کا راگ الاپتے الاپتے خود ایک بہت بڑی چوری میں ملوث نکلا ہے، 190 ملین پاؤنڈز پاکستانی عوام کے تھے،کیس میں سب کچھ واضح ہوگیا ہے، یہ اکاؤنٹ آج ڈیفالٹ میں ہے،القادر یونیورسٹی کے نام پر پیسے کھائے گئے ہیں جبکہ اس یونیورسٹی کا وجود ہی نہیں ہے،ساڑھے 400 کنال زمین جس کے ٹرسٹی عمران خان اور انکی اہلیہ ہیں کو بنے ہوئےچار سال کا عرصہ بیت گیا ہے مگروہاں صرف 400 بچہ پڑھتا ہے، بانی پی ٹی آئی پر شوکت خانم کے پیسے کھانے کا بھی الزام ہے۔